لکھنؤ، 25اگست (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) ٹرانسپورٹ کارپوریشن (روڈویز )کی تمام طرح کی بسوں میں رکشا بندھن کے تہوار پر ہفتہ کی نصف شب (12بجے)سے خواتین کے لئے مفت سفر کی سہولت مہیا ہو گی۔ یہ سہولت 26اگست کی نصف شب (12بجے)تک دستیاب رہے گی۔ اس کے لئے منیجنگ ڈائریکٹر پی گرو پرساد نے ہدایت جاری کر دی ہے۔
ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے چیف پرنسپل منیجر(آپریشن)ایچ ایس گابا نے بتایا کہ رکشابندھن کے تہوار پر ہفتہ کی شب 12 بجے سے اتوار کی شب 12بجے تک خواتین روڈویز بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔ اس دوران ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی عام بسوں کے علاوہ قرار پر چلنے والی، وولو، اسکینیا، اے سی شتابدی اور جن رتھ بسوں میں مفت میں سفر کرنے کا موقع ملے گا۔ جبکہ مرد او ربچوں کو ٹکٹ لے کر ہی سفر کرنا ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی کوششوں سے رکشا بندھن پر بہنوں کو دوسری بار ایک دن کے لئے مفت بس سفر کا تحفہ ملا ہے۔ اتوار کو رکشابندھن کے دن ریاست بھر کی خاتون مسافر ہر کٹیگری کی بسوں میں مفت سفر کر سکیں گی۔
چیف پرنسپل منیجر نے بتایا کہ گذشتہ سال تقریباً ایک لاکھ خواتین نے روڈ ویز بسوں میں مفت سفر کیا تھا۔ اس بار اس تعداد میں مزید اضافہ ہونے کے امکانات ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رکشابندھن اسپیشل بسوں کا آپریشن 29اگست تک ہوگا۔ اس دوران روڈویز بس میں سفر کرنے والے مسافر ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی ویب سائٹupsrtconline.co.in پر ایڈ وانس یا فوری طور پر سیٹیں بک کراکر سفر کر سکتے ہیں۔ آن لائن ٹکٹ بکنگ میں عام بسوں سے لے کر سستی اے سی بس خدمات جن رتھ کے علاوہ وولو، اسکینیا اور اے سی شتابدی بسوں میں سیٹ خالی ہیں۔